وقار یونس کو اپنا عہدہ برقرار رکھنے میں مشکل

اسلام آباد۔ 5 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش سے مسلسل 5 میچوں میں شکست کے بعد وقار یونس کو اپنا عہدہ برقرار رکھنے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قبل ازوقت اور باوقار طریقے سے وقار کو رخصت کرنے کا طریقہ کار تلاش کررہا ہے۔ بورڈ میں نئے غیر ملکی کوچ کی تلاش کیلئے صلاح مشورے ہو رہے ہیں۔ وقار کے مستقبل کا فیصلہ زمبابوے کی سیریز کے بعد کیا جائے گا۔ اس بات کے زیادہ امکانات ہیں کہ زمبابوے سیریز کے بعد پی سی بی کے سربراہ ہنگامی اجلاس طلب کر کے وقار یونس کے حوالے سے اہم فیصلہ کریں گے اور گورننگ بورڈ کو اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کے چیئرمین ہیڈ کوچ وقار یونس کو تبدیل کرنے کے حوالے سے غوروخوض میں مصروف ہیں۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کسی ایک کوچ کو ہٹانے سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ ہمیں سسٹم کو ٹھیک کرنا ہو گا، جلد بازی میں کسی کو برطرف کرنے کے بجائے خرابی کی وجوہات معلوم کریں گے۔