وقار یونس پاکستان کے نئے کوچ‘اعلان باقی؟

کراچی۔7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس ایشیا کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈکوچ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ وقار یونس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹر میں آمد پر اپنی درخواست ساتھ لائے۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے وقار یونس نے دبئی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی اعلیٰ شخصیت سے فائیو اسٹار ہوٹل میں اہم ملاقات کی جس میں معاہدے کی شرائط اور مالی معاملات پر بات چیت ہوئی اور زیادہ تر معاملات طے پاگئے۔ ذرائع کے مطابق وسیم اکرم، جاوید میاں داد،انتخاب عالم اور سبحان احمد پر مشتمل اعلی سطح کی کمیٹی کے پہلے اجلاس سے قبل کوچ کے زیادہ تر معاملات طے پاگئے ہیں اور اب صرف رسمی اعلان ہونا باقی ہے،

اس کے بعد وہ ٹیم کے ساتھ بنگلہ دیش جائینگے۔ ذرائع کے مطابق وقار یونس نے پی سی بی کی اعلٰی شخصیت کو کہا کہ وہ انتخابات اور کوچنگ سے وابستہ دیگر معاملات پر کوئی مداخلت نہیں چاہتے۔ وقار یونس سڈنی سے دبئی منتقل ہونے پر غور کررہے ہیں اس لئے وہ کوچنگ کیلئے تیار ہیں۔ وقار یونس نے کہا کہ جن مسائل کے باعث کوچنگ چھوڑی تھی وہ مسائل حل ہوچکے ہیں لہٰذا اب مکمل طور پر کوچنگ کیلئے دستیاب ہوں۔ دریں اثناسابق ٹسٹ کرکٹر اعجاز احمد نے بھی ٹیم کی کوچنگ کیلئے درخواست داخل کردی ہے۔