وقار یونس ایک ناکام ترین کوچ :کامران

 

لاہور۔28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کامیاب ترین وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے وقار یونس کو پاکستان کرکٹ کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق فاسٹ بولر بطور ہیڈ کوچ اپنے دونوں ادوار میں پاکستان ٹیم کو جیت دلانے کے سلسلے میں بہتر رہنمائی نہیں کرسکے۔اپنے نقطہ نظر کی تائید کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ وقار یونس نے اہم کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کیا جس کی وجہ سے ٹیم بین الاقوامی کرکٹ میں 2 تا 3 سال پیچھے چلی گئی تھی۔ایک انٹریو میں کامران اکمل نے کہا کہ وقار یونس ایک ناکام کوچ ہیں اور ان کی وجہ سے پاکستان کرکٹ کو شدید نقصان ہوا۔یہ پہلا موقع ہے جب کسی موجودہ کھلاڑی نے پاکستان کے سابق کوچ وقار یونس کو کھل کر تنقید کا نشانہ بنایا۔خیال رہے کہ گذشتہ برس ہندوستان میں ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ 2016 میں پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد انہیں ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔اکمل کے بموجب سابق کوچ کے پاس پاکستان ٹیم کو آگے لے جانے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا، جس کی مثال یہ ہیکہ 2015 کے ورلڈ کپ میں یونس خان سے اننگز کا آغاز کروایا گیا جبکہ ٹورنمنٹ کے اختتام تک سرفراز احمد کو نظر انداز کردیا گیا۔