کراچی۔2 جولائی(سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ وقار یونس نے مستقبل کیلئے نوجوان کرکٹرس کی تیاری پر توجہ مرکوز کرلیہے، ساتھ ہی ان کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کی کپتانی کے بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہے۔ اگلے سال کا ورلڈ کپ میرا سب سے بڑا ہدف ہے۔ فیلڈنگ اور فٹنس میں بہتری لاکر مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ ٹسٹ اور ونڈے کے مستقبل کے کپتان کے بارے میں بھی سوچنا ہوگا۔ مصباح الحق نے دو ڈہائی سال سے اچھے انداز میں پاکستان کی کپتانی کی ہے۔ لیکن ہماری روایت کے مطابق کپتان کے سر پر ہروقت تلوار لٹکتی رہتی ہے اور میڈیا کا رویہ بھی سخت رہتا ہے۔ اس لئے ہر سیریز کے بعد کپتان کی کارکردکردگی کا جائزہ لینا چاہئے۔ اس وقت ہم کپتانی جیسی چھوٹی چیزوں کے بارے میں سو چیں گے تو ورلڈ کپ جیسے بڑے مقاصد کا حصول مشکل ہوجائے گا۔کھلاڑی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔
لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ میرے اہداف قلیل مدتی بھی ہیں اور طویل مدتی بھی۔ قلیل مدتیمیں سری لنکا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ہیں۔ طویل مدتی میں ورلڈ کپ اور پھر ہندوستان کے خلاف اگلے سال کے آخر میں ہونے والی سیریز ہے۔ کوشش کروں گا کہ ٹیم میں جو خامیاں ہیں انہیں دور کرکے اس میں بہتری لاؤں۔ کوشش ہوگی کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ کو مضبوط بنایا جائے۔ ورلڈ کپ سے قبل سری لنکا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے سیریز بہت اہم ہیں۔ بطور کوچ فیلڈنگ اور فٹنس ترجیح ہوگی ،کچھ کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگا۔