وقار کی فاسٹ بولروں پر عدم توجہ ‘آسٹریلیا روانگی پر مایوسی

لاہور۔5 جون (سیاست ڈاٹ کام) وقار یونس کوپاکستانی فاسٹ بولروں سے زیادہ آسٹریلیا زیادہ پیارالگتاہے چونکہ پاکستانی ٹیم کے ’’غیرملکی کوچ‘‘ سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاریوں کی بجائے اپنے نئے ملک چلے گئے، انھوں نے چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی شرکت غیر یقینی ہونے کے معاملے کو بھی کوئی اہمیت نہیں دی۔تفصیلات کے مطابق وقار یونس پاکستان کے سابق کرکٹر ہیں لیکن آسٹریلیائی شہریت انھیں آبائی وطن میں ٹکنے نہیں دیتی، ایک طرف تو پی سی بی بیرونی ٹیموں کو ملک میں لانے کیلئے کوشاں ہیں تو دوسری جانب ہیڈ کوچ اپنے خاندان کو پاکستان میں بلانے کی بجائے ہر دورے کے بعد سڈنی کی راہ اختیار کر لیتے ہیں۔زمبابوے جیسی کمزور ٹیم کیخلاف بھی ٹیم کا فاسٹ بولنگ شعبہ بے جان لگا، 2 ٹوئنٹی20 مقابلوں میں بلاول بھٹی 11، محمد سمیع، وہاب ریاض9 اور انور علی 8سے زائد رنز فی اوور دئے۔ چاروں بولروں نے مجموعی طور 7وکٹیں حاصل کیں۔ ونڈے مقابلوں میں جنید خان کو چند اوورز کرنے کا موقع ملا۔ انور علی7سے زائد رنز فی اوور دیتے ہوئے 2وکٹ حاصل کرپائے۔محمد سمیع اس سے بھی زیادہ پٹائی برداشت کرنے کے باوجود پہلی کامیابی کو ترستے رہے۔ وہاب ریاض نے 5.22 رنز فی اوور دے کر 5وکٹیں حاصل کیں اور انھیں کسی حد تک کامیاب کہا جاسکتا ہے لیکن حماد اعظم متاثر کن نظر نہیں آئے۔