وشاکھاپٹنم فیکٹری میں دھماکہ : ایک ہلاک

وشاکھا پٹنم 28 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) وشاکھا پٹنم میں اچوتاپورم کے قریب خصوصی معاشی زون کے اندر انجنیا الئیز فیکٹری میں ہوئے ایک دھماکہ میں ایک ملازم ہلاک اور 12 دوسرے زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق زیادہ مقدار میں گیس نکلنے کی وجہ سے یہ دھماکہ ہوا ہے ۔ جو ملازم اس دھماکہ میں ہلاک ہوا ہے اس کی شناخت 40 سالہ بی بسواس کی حیثیت سے ہوئی ہے جس کا مغربی بنگال سے تعلق بتایا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں زخمیوں میں کے ارون کمار 25 سال اور لکشمن راؤ 30 سال کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن کا تعلق بھوگا پورم سے ہے ۔ زخمیوں کا ایک خانگی دواخانہ میں علاج کیا جا رہا ہے ۔ اس پلانٹ میں فیرو منگانیس تیار کیا جاتا ہے ۔ چند ماہ قبل اس پلانٹ میں ایک ملازم اس وقت ہلاک ہوا تھا جب ایک اوور ہیڈ کرین اس پر آگرا تھا ۔ انتظامیہ کو مناسب حفاظتی اقدامات نہ کرنے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے زحمیوں کے رشتہ داروں اور کچھ ورکرس نے آج فیکٹری کے سامنے احتجاج کیا ۔ آندھرا پردیش کے وزیر فروغ انسانی وسائل جی سرینواس ‘ انکا پلی کے رکن پارلیمنٹ ایم سرینواس راؤ اور یلمنچلی کے رکن اسمبلی پی رمیش بابو نے دواخانہ پہونچ کر زخمیوں کی مزاج پرسی کی ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ویزاگ میں مسلسل صنعتی حادثات تشویش کی بات ہے اور تمام متعلقہ محکمہ جات کے سربراہوں کا ایک اجلاس بہت جلد منعقد کیا جائیگا ۔