وسیم جعفر کی ناقابل شکست نصف سنچری، ممبئی کوارٹر فائنل میں داخل

راجکوٹ 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر بیٹسمین وسیم جعفر نے ایک شاندار اننگز کھیلی جس کی بدولت ممبئی نے یہاں منعقدہ وجئے ہزارے ٹروفی ونڈے چمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل مقابلہ میں طاقتور دہلی کو شکست دی۔ کوارٹر فائنل میں اب ممبئی کا دفاعی چمپئن کرناٹک سے ہوگا۔ ممبئی کے کپتان سوریہ کمار یادو نے ایک بہتر ٹاس جیتا اور دہلی کو بیاٹنگ کے لئے مدعو کیا۔ کپتان کے فیصلہ کو صحیح ثابت کرتے ہوئے ممبئی کے بولروں نے گوتم گمبھیر کی زیرقیادت دہلی کی ٹیم کو 42.3 اوورس میں 157 رنز پر ڈھیر کردیا۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ اوپنرس ویریندر سہواگ (9) اور گوتم گمبھیر (22) پھر ایک مرتبہ ناکام ہوگئے۔ جوابی اننگز میں ممبئی نے بغیر کسی جوکھم کے کامیابی کی سمت اپنا سفر جاری رکھا۔ وسیم جعفر نے 87 گیندوں میں غیر مفتوح 83 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو 30.3 اوورس میں ہی کامیابی سے ہمکنار کیا۔ جعفر نے اپنی اننگز کے دوران ایک چھکا لگایا۔ رواں ٹورنمنٹ میں وسیم جعفر کے مظاہرے انتہائی شاندار ہیں۔ جیسا کہ انھوں نے ٹورنمنٹ میں تاحال 83 ، 37 ، 84 ، 60 اور اب 83 ناٹ آؤٹ رنز کی اننگز کھیلی ہے۔