وسیم اکرم کا پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے انکار

ممبئی۔ 22 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے انکار کردیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ 2015 ء تک تو میرے پاس فرصت بالکل نہیں ہے، ویسے بھی جو مجھ سے رابطہ کرے اس کیلئے میرے مشورے حاضر ہیں، میں پہلے بھی ایسا کرتا رہا اور اب بھی تیار ہوں۔ انھوں نے ایک سوال پر کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی موجودگی سے انڈین پریمیئر لیگ کی مقبولیت میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا۔ ہمارے ملک میں ایونٹ کو کافی پسند کیا جاتا ہے، جب اس میں وہاں کے کھلاڑی بھی موجود ہوں گے تو پھر دلچسپی مزید بڑھ جائے گی۔ پاکستان کے شائقین کولکتہ نائٹ رائیڈرس کو بہت پسند کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ وسیم اکرم کے کے آر کے بولنگ کنسلٹنٹ ہیں۔