کراچی۔18فبروری(سیاست ڈاٹ کام) سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے شکوہ کیا کہ بورڈ کے کسی عہدیدار، ٹیم منیجر یا کوچ نے ان سے کبھی کھلاڑیوں کو مشورے دینے کیلئے انہیں مدعو نہیںکیا۔ تاہم انہوں نے مشکل گھڑی سے پاکستان ٹیم کو نکالنے کیلئے مدد کے لئے پیش کش کردی ہے۔ خیال رہے کہ وسیم اکرم 1992ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 18وکٹیں لینے والے بولر تھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی شائقین مجھ سے شکوہ کرتے ہیں کہ میں ہندوستان میں کوچنگ کرتا ہوں لیکن میں انھیں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ وہ مجھے بلاتے ہیں تو جاتا ہوں۔ پاکستان میں تو کوئی پوچھتا ہی نہیں ہے۔ شاید بورڈ کو کوئی انا کا مسئلہ ہے۔ اکرم نے کہا کہ مجھے آسٹریلیائی وکٹوں پر کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے، میرے مشورے ٹیم کے کام آتے لیکن کسی نے بلانے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ میں حیرت زدہ ہوں کہ بورڈ کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے سلسلے میں مجھ سے کیوں مدد نہیں لے رہا ہے۔ ہندوستان کے خلاف میچ میں ایسا لگ رہا تھا کہ ہمارے بیٹسمین گیند کو آ گے کھیلنے میں اسے دستی بم سمجھ کر ڈر رہے تھے۔ خواہش ہے کہ کھلاڑیوں کو دباؤ سے نکالنے ان ملکوں میں خود کو ہم آہنگ ہونے میں مدد کر سکوں۔
ہندوستان کیلئے خطاب کا دفاع آسان نہیں: ہیڈن
سڈنی ۔18فبروری(سیاست ڈاٹ کام) میتھیو ہیڈن اور مائیکل ہسی کے بموجب ہندوستان ورلڈ کپ میں اپنے اعزاز کا دفاع نہیں کرپائے گا۔ سابق اوپنر ہیڈن نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم کی بولنگ بہت کمزور ہے اس لئے اس مرتبہ اس کیلئے خطاب کا دفاع کرنا مشکل ہے۔ دوسری جانب ہسی نے کہا کہ اس میں شبہ نہیں کہ مستقبل ہندوستان کا ہے لیکن اس مرتبہ وہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچتی نظر نہیں آرہی۔