وسیم اکرم ، لارا اور گلکرسٹ پھر ایکشن میں نظر آئیں گے

دبئی ۔5 جون۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل ، بگ باش ، کریبین پریمیر لیگ ، نارتھ ویسٹ اور اس طرح کی دنیا بھر میں کھیلی جانے والی ٹوئنٹی 20 کرکٹ نے آج ایک تیز ترین کرکٹ کے عہد کو عروج پر پہنچادیا ہے نیز اگر آپ کا دل مذکورہ ٹورنمنٹس سے نہیں بھرا ہے تو تیار ہوجائیے کہ فبروری 2016 ء میں متحدہ عرب امارات میں ماسٹرس چمپینس لیگ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس میں اپنے دور کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شامل ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین برائن لارا ، آسٹریلیا کے جارحانہ اوپنر آڈم گلکرسٹ اور فاسٹ بولنگ میں اپنا ثانی نہ رکھنے والے پاکستانی بولر وسیم اکرم کے علاوہ دیگر بہترین ماضی کے کھلاڑی ایکشن میں نظرآئیں گے ۔

تفصیلات کے بموجب ابتدائی برس یہ ٹورنمنٹ 6 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جس میں 90 کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ ہر ٹیم 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی لیکن ٹیم میں کھلاڑی کی شمولیت کیلئے بنیادی شرط یہ ہے کہ وہ ماضی میں بین الاقوامی کھلاڑی رہا ہو تاہم فی الحال وہ تمام طرز کی کرکٹ سے سبکدوش ہوچکا ہو ۔ ماسٹر س چمپینس لیگ ( ایم سی ایل ) کا ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے 10 سالہ معاہدہ طئے ہوچکا ہے اور افتتاحی ٹورنمنٹ کے مقابلے دوبئی ، ابوظہبی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے ۔ ٹورنمنٹ کے سرکاری طورپر اعلان کے ضمن میں منعقدہ تقریب میں برائن لارا ، وسیم اکرم ، اڈم گلکرسٹ ، رمیز راجہ اور ڈینی موریسن موجود تھے ۔ اس موقع پر آسٹریلیا کے سابق کھلاڑی ڈین جونس نے ٹورنمنٹ کی تفصیلات جاری کی ۔ اس موقع پر جاری کردہ ایک ویڈیو بیان میں جونس نے کہا کہ یہ ایک آئیکانک ٹورنمنٹ ہوگا جو کہ آئندہ دس برسوں کیلئے متحدہ عرب امارات میں ٹوئنٹی 20 طرز کی کرکٹ پر کھیلا جائے گا جس میں اپنے دور کے انتہائی کامیاب ترین کھلاڑیوں کو پھر سے ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا ۔ واضح رہے یہ اعلان ہندوستانی سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر اور آسٹریلیا کے لیجنڈ بولر شین وارن کی جانب سے اس ارادہ کو ظاہر کرنے کہ وہ آئندہ ساڑھے تین برس کیلئے امریکہ میں ایک ایسا ٹوئنٹی 20 لیگ کروانا چاہتے ہیں جس میں ماضی کے اہم کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے اور پہلی سیریز سپٹمبر میں کھیلی جائے گی ۔