حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) گنیش وسرجن جلوس کا مشاہدہ کے بعد مکان واپس لوٹنے والے ایک شخص پر بعض افراد نے حملہ کر کے زخمی کردیا ۔ جوبلی ہلز پولیس کے بموجب 32 سالہ پی چندر شیکھر ساکن پدما نگر کل رات دیر گئے اپنی بیوی کے ہمراہ گنیش جلوس میں شرکت کے بعد مکان واپس لوٹ رہا تھا کہ 10 افراد پر مشتمل ایک ٹولی نے چندر شیکھر پر حملہ کردیا۔ شوہر پر اچانک کئے گئے حملہ کو روکنے کیلئے بیوی کی مداخلت پر وہ بھی حملہ کا شکار ہوگئی۔ اس حملہ میں چندر شیکھر شدید زخمی ہوگیا جس کے سبب اسے مقامی دواخانہ میں شریک کیا گیا۔ چندر شیکھر نے جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی جس میں پدمانگر کے ساکن ویریشم ، رگھو ، سائی ، چٹی اور دیگر کے خلاف شکایت درج کروائی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا۔