وزیر داخلہ پاکستان سے ملاقات کے منصوبہ کی مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی تردید

نئی دہلی۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزارتِ داخلہ نے آج ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ راج ناتھ سنگھ وزیر داخلہ پاکستان سے جاریہ ماہ کے اواخر میں نیپال میں مقرر سارک چوٹی کانفرنس کے موقع پر علیحدہ طور پر ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ کے دفتر سے کہا گیا کہ راج ناتھ سنگھ کا اٹل موقف یہی ہے کہ دہشت گردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ جاری نہیں رہ سکتے جب تک پاکستان دہشت گردی یا تشدد ترک نہ کردیں ، مذاکرات کا احیاء ناممکن ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ 18 اور 19 ستمبر کو نیپال کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ سارک وزرائے داخلہ کی چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔