دوحہ۔ 29 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج خلیجی ممالک کے چار روزہ دور پر اتوار کو قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچیں ،وہ قطر اور کویت کا دورہ کریں گی۔وزیر خارجہ کے طور پر ان ممالک کا ان کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ وہ ان خلیجی ممالک کے دورے پر 31 اکتوبر تک رہیں گی۔ ان کے دورے کے دوران تجارت اور دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ توانائی سے متعلق ایشوز پر گفت و شنید ہو گی۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں قطر اور کویت دونوں کو ہی قابل اعتماد توانائی پارٹنر بتایا گیا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سشماسوراج دو طرفہ تعلقات کے بارے میں بات چیت کو اگلی سطح تک بڑھائیں گی۔ اس دوران وہاں کی سیاسی قیادت کے ساتھ عالمی ، علاقائی اور باہمی مسائل پر ٹھوس بات چیت ہونے کی امید ہے ۔ وزیر خارجہ کا پیر تک قطر میں اور منگل اور چہارشنبہ کو کویت میں کافی مصروف شیڈول رہے گا۔وہ قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الطحانی کے ساتھ بات چیت کے علاوہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الطحانی سے بھی ملاقات کریں گی۔ کویت میں وہ وزیر خارجہ کے ساتھ دیگر سینئر رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گی۔