مزار شریف۔ 9؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ وزیر خارجہ جرمنی فرینک والٹر اسٹین میر آج افغانستان کے شہر مزار شریف پہنچ گئے۔ یہ ان کا غیر معلنہ اور اچانک دورہ تھا۔ افغانستان میں تعینات 3 ہزار فوجی جرمنی کے ہیں جن کی بیشتر تعداد شمالی افغانستان کے شہر مزار شریف میں تعینات ہے۔ جرمنی کی حکومت نے چہارشنبہ کے دن فیصلہ کیا ہے کہ اپنے فوجیوں کی تعیناتی میں مزید دس ماہ کی یعنی ختم 2014ء تک توسیع کی جائے۔ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں بنڈوسٹاگ میں اس کی منظوری ہنوز باقی ہے۔ یہ سوشل ڈیموکریٹ پارٹی کے کسی وزیر کا اولین دورۂ افغانستان تھا۔ ستمبر کے پارلیمانی انتخابات میں چانسلر اینجیلا میرکل کی مخلوط حکومت برسراقتدار آنے کے بعد وزیر خارجہ جرمنی نے سب سے پہلے افغانستان کا اچانک دورہ کیا ہے۔