نئی دہلی 3 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر دہلی مسٹر اروند کجریوال نے آج کہا کہ یہ بات اہم نہیں ہے کہ ملک کا وزْر اعظم کون بنتا ہے کیونکہ ملک کے عوام کرپشن اور مہنگائی سے بیزار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات اہمیت کی نہیں ہے کہ راہول گاندھی یا نریندر مودی میں کون وزیر اعظم بنتا ہے ۔ ملک کے عوام کرپشن اور مہنگائی سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی صرف یہ کہتے ہیں کہ وزیر اعظز کون بنے گا۔ گیس سلینڈرس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ۔ عام آدمی یہ بوجھ کس طرح برداشت کریگا ۔ ایسے مسائل پر ان کی توجہ نہیں ہے ۔
تاہم ان کے قریبی رفیق مسٹر پرشانت بھوشن نے وزْر اعظم منموہن سنگھ اور نریندر مودی دونوں پر تنقید کی ہے ۔انہوں نے ڈاکٹر سنگھ کی پریس کانفرنس پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ وزیر اعظم کے معاملہ میں تاریخ رحمدل ہوگی جنہوں نے اپنے عہد میں نہ صرف کرپشن کو جاری رہنے کا موقع دیا بلکہ اسے پھلنے پھولنے کا موقع بھی فراہم کیا ۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ وہ وزیر اعظم کے اس خیال سے اتفاق کرتے ہیں کہ نریندر مودی کا وزیر اعظم بننا ملک کیلئے تباہ کن ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس خیال سے اتفاق کرتے ہیں کہ اگر نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم بن جاتے ہیں تو یہ ملک کیلئے تباہ کن ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے خود کو فاشسٹ اور فرقہ پرست قرار دینے کے علاوہ یہ بھی واضح کردیا ہے کہ وہ کانگریس کے برابر کرپٹ اور بدعنوان بھی ہیں۔
وزارت عظمی کیلئے راہول درست شخصیت : منیش تیواری
نئی دہلی 3 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر مسٹر منیش تیواری نے کہا کہ راہول گاندھی وزارت عظمی کی ذمہ داری نبھانے کیلئے درست شخصیت ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم منموہن سنگھ نے بھی کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد وہ وزارت عظمی کے امیدوار نہیں ہونگے ۔ منیش تیواری نے کہا کہ منموہن سنگھ نے واضح کردیا ہے کہ کہ 2014 میں جب انتخابات ہونگے وہ قیادت کی ذمہ داری ایک اور وزیر اعظم کے حوالے کردینگے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کانگریس پارٹی کے فطری لیڈر ہیں اور وہ وزارت عظمی کی ذمہ داری سنبھالنے کیلئے بہترین شخصیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں 2002 میں جو مسلم کش فسادات ہوئے تھے اس کو ذہن میںرکھتے ہوئے وزیر اعظم نے مودی پر تنقید کی ہے ۔