وزیر اعظم عادی دروغ گو : کانگریس کا الزام

نئی دہلی 7 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی کو عادی دروغ گو قرار دیتے ہوئے کانگریس نے آج ان پر الزام عائد کیا کہ وہ رابرٹ وڈرا کے نام سے اراضی معاملتوں کا الزام عائد کرتے ہوئے ہریانہ کے عوام اور الیکشن کمیشن کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ وزیر اعظم اوچھے الفاظ استعمال کر رہے ہیں۔ پارٹی ترجمان شکیل احمد نے کہا کہ کئی موقعوں پر سیاست میں جھوٹے بیانات دئے جا رہے ہیں۔ لیکن اگر ایک ملک کے وزیر اعظم اس طرح عادی دروغ گو کا رویہ اختیار کریں تو پھر اس کی مذمت کی جانی چاہئے ۔ نریندر مودی نے الزام عائد کیا تھا کہ ہریانہ میں کانگریس حکومت نے سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ وڈرا کی جانب سے کی گئی اراضی معاملتوں کو قانونی شکل دینے غیر قانونی کام کئے ہیں۔ شکیل احمد نے کہا کہ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ہریانہ حکومت نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جن کاموں کا حوالہ دے رہے ہیں وہ انتخابی شیڈول کی اجرائی سے پہلے کئے گئے ہیں اور نریندر مودی اس طرح کے بیانات کے ذریعہ ہریانہ کے عوام اور الیکشن کمیشن کو بھی گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو انتہائی افسوسناک عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم انتخابی سیاست میں مصروف ہیں اور اسی طرح کی تقاریر کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم پر الزام عائد کیا کہ وہ غلط بیانات سے کام لینا چاہتے ہیں۔