جدہ ۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے فرمانروا سلمان نے ایران نیوکلیئر معاہدہ کا وزیردفاع امریکہ ایشٹن کارٹر کے ساتھ ایک ملاقات میں خیرمقدم کیا لیکن اس کا نفاذ کتنے مؤثر انداز میں کیا جاسکے گا اس کے بارے میں ذہنی تحفظات ظاہر کئے۔ دونوں قائدین کی ملاقات جدہ میں ہوئی تھی۔ بعدازاں ایک پریس کانفرنس میں وزیردفاع امریکہ نے کہا کہ ملک سلمان نے ایران کی جانب سے نیوکلیئر معاہدہ کی تعمیل کی جانچ کے سلسلہ میں ذہنی تحفظات ظاہر کئے ہیں اور بین الاقوامی معاشی تحدیدات کی برخاستگی کے نظام کے بارے میں بھی اندیشے ظاہر کئے ہیں۔ اگر ایران معاہدہ کی خلاف ورزی کرے تو تحدیدات کے دوبارہ عائد کرنے کے بارے میں بھی وہ مشکوک ہیں۔ اوباما انتظامیہ کا کہنا ہیکہ اگر ایران معاہدہ کی خلاف ورزی کرے تو تحدیدات دوبارہ نافذ کی جاسکتی ہیں۔ وزیردفاع امریکہ نے کہا کہ ملک سلمان جاریہ سال موسم خزاں میں امریکہ کا دورہ کریں گے۔ یہ جنوری میں سعودی عرب کے فرمانروا بننے کے بعد ان کا پہلا دورہ امریکہ ہوگا۔