وزیرخارجہ امریکہ جان کیری سعودی عرب میں

ریاض ۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ امریکہ جان کیری سعودی عرب پہنچ گئے تاکہ کلیدی عرب ملک سے ایران کے ساتھ امکانی نیوکلیئر معاہدہ کے بارے میں سعودی عرب کے اندیشوں کا ازالہ کیا جاسکے۔ مملکت سعودی عرب کو اندیشہ ہیکہ اس نیوکلیئر معاہدہ کے نتیجہ میں یمن اور دیگر خلیجی ممالک میں سیاسی عدم استحکام پیدا ہوگا۔ ایران نیوکلیئر مذاکرات کے تازہ ترین مرحلہ کے اختتام کے ایک دن بعد جان کیری جمعرات کے دن سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے جہاں وہ خلیجی مملکتوں کے وزرائے خارجہ اور نئے سعودی فرمانروا سے ملاقاتیں کریں گے۔ امریکی عہدیداروں کے بموجب جان کیری دوبارہ تیقن دیں گے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ سے ایران کو بم حاصل کرنے کی اجازت نہیں ملے گی اور اس کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ وسیع ترصیانتی معاملات پر امریکہ ناکارہ ہوگیا ہے۔ ایران شام اور عراق میں برسرجنگ افواج کی تائید کررہا ہے اور باغیوں کو حمایت حاصل ہے۔ یمن کی حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے والے باغیوں کو بھی ایران کی تائید حاصل ہے۔ جان کیری دولت اسلامیہ گروپ کے عسکریت پسندوں کے خلاف شام اور عراق میں جنگ کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کریں گے۔