نئی دہلی ۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد کپل سبل نے وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ انہیں ملک کے مستقبل کی کوئی پرواہ نہیں ہے اور وہ صرف انتخابی سیاست سے دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ وزیراعظم حقائق کی جانچ کئے بغیر بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے پرزور انداز میں کہا کہ انہیں مستقبل کے بارے میں محتاط رہنا چاہئے کوئی بیان دینے سے پہلے حقائق کی جانچ کرلینی چاہئے۔ مودی نے کہا تھا کہ کپل سبل سپریم کورٹ میں ایودھیا تنازعہ مقدمہ میں سنی وقف بورڈ کے مشیر قانونی تھے۔ سبل نے کہا کہ سنی وقف بورڈ کے وکلاء محمد اقبال انصاری ہیں، جن کے وکیل ایم آر شمشاد ان کی جانب سے پیروی کررہے تھے۔ سنی وقف بورڈ کی جانب سے انہوں نے کہا کہ ملک ایک مشکل مرحلہ سے گذر رہا ہے اور وزیراعظم قومی مسئلہ پر بے بنیاد بیانات جاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے صرف ان کی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے، قوم کی ترجیحات کی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ سوچ کر افسوس ہوتا ہے کہ وزیراعظم کو ہندوستان کے مستقبل کی کوئی فکر نہیں ہے۔ انہیں صرف انتخابی سیاست سے دلچسپی ہے۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ملک کو متحد کرناچاہئے منتشر نہیں لیکن وزیراعظم کے بیانات ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔