وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف جدوجہد کرنے سیاسی جماعتوں سے اپیل

آندھراپردیش ریاست کے ساتھ ناانصافی پر چیف منسٹر و صدر تلگودیشم کاردعمل
حیدرآباد ۔ 31 مارچ (سیاست نیوز) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے آندھراپردیش کے ساتھ زبردست ناانصافی کرنے کا وزیراعظم پر الزام عائد کیا اور تمام سیاسی جماعتوں سے متحدہ طور پر مسٹر نریندر مودی کے خلاف جدوجہد کرنے کی پرزور اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے تعلق سے سختی کے ساتھ پوچھنے پر جوابی حملے کئے جاتے ہیں۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے سخت الفاظ میں کہا کہ تلگودیشم قوم کے ساتھ ناانصافی کرنے کی کوشش کرنے کی صورت میں ریاست میں کانگریس پارٹی کی جو حالت ہوئی ہے وہی حالت بی جے پی کی ہونے کا سخت انتباہ دیا اور نائیڈو نے حقوق کے حصول کیلئے تمام غیر بی جے پی جماعتوں سے متحدہ طور پر آگے آنے کی پرزور اپیل کی۔ چیف منسٹر آندھراپردیش نے آج ملا ولی کے مقام پر ’’اشوک لی لینڈ بسوں‘‘ کی تیاری کے یونٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اے کے معنیٰ امراوتی اور پی کے معنیٰ پولاورم سے تعبیر کیا اور وہ بہرصورت امراوتی کی تعمیر کے علاوہ پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کو بھی یقینی بنانے تک وہ سکون سے نہ رہنے کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ریاست کے ساتھ ناانصافی کی کوئی توقع نہیں تھی لیکن نریندر مودی نے ریاست آندھراپردیش کے ساتھ شدید ناانصافی کی ہے اور اس کا انہیں (نریندر مودی کو) بہت جلد خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔