وزیراعظم نریندر مودی کا انتخابی جلسہ لمحہ آخر میں منسوخ

نئی دہلی۔ 5؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ وزیراعظم نریندر مودی کا مہاراشٹرا میں مجوزہ انتخابی جلسہ جو ناسک میں ہونے والا تھا، اس علاقہ میں شدید طوفان کی وجہ سے لمحہ آخر میں منسوخ کردیا گیا۔ بی جے پی قائد توقع تھی کہ بذریعہ طیارہ گونڈا سے ناسک پہنچیں گے، لیکن لمحہ آخر میں ناسازگار موسم کی وجہ سے اسے منسوخ کردیا گیا۔ وزیراعظم کا انتخابی سفر کا پروگرام آج شام ناسک میں شدید طوفان کی وجہ سے منسوخ کردئے جانے کا اعلان بی جے پی کے انچارج اُمور مہاراشٹرا راجیو پرتاپ روڈی نے کیا۔ وزیراعظم مہاراشٹرا میں قبل ازیں تین انتخابی جلسوں سے ٹاس گاؤں، کالمبا اور کولہاپور میں خطاب کرچکے ہیں اور گونڈا میں انتخابی جلسہ سے خطاب کے بعد ناسک میں 8.35 بجے شب انتخابی جلسہ سے خطاب کرنے والے تھے۔ یہ تقریب جلسہ گاہ میں بارش کی وجہ سے پانی بھر جانے کے بعد منسوخ کردی گئی۔