وزیراعظم عراق حیدر العبادی کا دورۂ رمادی

بغداد۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے صوبہ انبار کے شہر رمادی کا کنٹرول عراقی افواج کے ہاتھ آنے کے بعد وزیراعظم عراق حیدر العبادی نے رمادی کا دورہ کیا۔ وہ بذریعہ ہیلی کوپٹر رمادی پہنچے اور وہاں موجود فوجی کمانڈرس سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے تباہ شدہ رمادی کا دورہ بھی کیا۔قبل ازیں حیدر العبادی نے کہا تھا کہ سال 2016ء شدت پسند تنظیم داعش کی شکست کا سال ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ اب موصل سے دولتِ اسلامیہ کا قبضہ ختم کیا جائے گا۔اطلاعات ہیں کہ شہر میں مکمل خاموشی ہے لیکن بعض علاقوں میں لڑائی جاری ہے۔ انجینئرنگ ٹیم سڑکوں اور عمارتوں کی تلاشی لے کر بموں کو ناکارہ بنا رہی ہیں۔اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھی رمادی میں دولتِ اسلامیہ کو پسپا کرنے پر عراقی افواج کی ستائش کی تھی۔ امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان ا سٹیو وارن نے کہا کہ شہر کے مرکز میں تقریباً400 شہری محصور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ اس لڑائی میں کتنے عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔عراقی افواج کے ترجمان نے رمادی کو آزاد کروانے کو ’اہم ترین کامیابی‘ قرار دیا تھا۔