نئی دہلی ۔ /7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) او بی سی ارکان پارلیمنٹ جن کا تعلق بی جے پی سے ہے آج وزیراعظم نریندر مودی سے ایوان پارلیمنٹ میں ملاقات کرکے او بی سی بل کی پارلیمنٹ میں منظور پر ان سے اظہار تشکر کیا ۔ اس قانون کے تحت دیگر پسماندہ طبقات کے کمیشن کو دستوری موقف عطا کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی قائدین نے وزیراعظم سے کہا کہ اس کے اس اقدام سے دیگر پسماندہ طبقات کی برادری کو استحکام عطا کرنے میں مدد ملے گی۔وزیراعظم نے وفد کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان سے خواہش کی کہ او بی سی برادری کے معیار حیات میں اضافہ کیلئے خاص طور پر بنیادی سطح سے جدوجہد کرتے رہیں ۔ انہوں نے ارکان پر زور دیا کہ وہ اپنی برادری کا شعور بیدار کریں۔