نئی دہلی۔ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر کیرالا پنارائی وجیئن نے وزیراعظم نریندر مودی پر کیرالا اور اس کے مطالبات کو مسلسل نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ وجیئن نے جنہیں گزشتہ روز وزیراعظم سے ملاقات کی اجازت دینے سے انکارکردیا گیا تھا، یہ الزام بھی عائد کیا کہ مرکز، ملک کے وفاقی ڈھانچہ کو خاطر میں نہیں لارہی ہے۔ وجیئن نے کہا کہ ’’وزیراعظم، کیرالا کو نظرانداز کررہے ہیں۔ کیرالا کے مطالبات قبول کرنے سے مرکز کے گریز کے سبب ریاست کی کئی صنعتیں ختم ہورہی ہیں۔ جب ہمیں وزیراعظم سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اپنی درخواست پیش کرنے کی ضرورت ہوتی ہے تو ہمیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی نظام میں ایک مضبوط مرکز اور ایک مطمئن ریاست کی ضرورت ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا کے مطالبات پر ماضی کی مرکزی حکومتوں کا ردعمل اس حد تک برا نہیںتھا۔