اسلام آباد ۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) عمران خان وزیراعظم پاکستان کے عہدہ کے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نامزد کئے گئے ہیں۔ تحریک کی پارلیمانی کمیٹی کا ایک اجلاس آج منعقد کیا گیا تھا جس میں عمران خان کو تحریک کا امیدوار نامزد کیا گیا۔ لاہور سے موصولہ اطلاع کے بموجب مسلم لیگ (نواز) کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے اطلاع دی ہیکہ مسلم لیگ (نواز) کے اجلاس میں متفقہ طور پر شہباز شریف کو پارٹی کا امیدوار برائے وزارت عظمیٰ پاکستان نامزد کیا گیا ہے۔ 66 سالہ سابق چیف منسٹر پاکستانی پنجاب کی نامزدگی کی منظوری پارٹی کی جانب سے دیدی گئی۔ شہباز قید سابق وزیراعظم نواز شریف کے چھوٹے بھائی ہیں۔ نواز شریف کو گذشتہ ماہ کرپشن کے ایک مقدمہ میں سزائے قید سنائی گئی ہے۔ پارٹی کے سینئر قائدین نے شہباز شریف کی نامزدگی کی متفقہ طور پر ایک اجلاس میں جس کی صدارت پارٹی کے صدر شہباز شریف کررہے تھے، متفقہ طور پر دیدی۔ انہیں مرکز اور پاکستانی پنجاب میں تشکیل حکومت کی پالیسی کے تعین کا بھی مکمل اختیار دیدیا گیا۔