آکلینڈ ۔ 11 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مہیندر سنگھ دھونی کو رواں آئی سی سی ورلڈ کپ 2015 ء میں ابھی تک اپنی کپتانی کیلئے کافی داد و تحسین وصول ہوئی ہے لیکن خود اُن کا احساس ہے کہ اُن کے بولروں کی پرفارمنس ہی ہے جس نے ٹیم کو مستحکم موقف دلایا ہے ۔ آئرلینڈ کے خلاف اسپنرس نے 30 اوورس ڈالے ، جس کے بارے میں دھونی سے مابعد میچ میڈیا کانفرنس میں پوچھا گیا کہ آیا انھیںبولنگ کے زیادہ متبادل دستیاب ہونے پر خوشی محسوس ہورہی ہے ، انھوں نے فوری جواب دیا کہ ’’نہیں ، مجھے بولروں کے بہترین مظاہرے پر زیادہ خوشی ہورہی ہے ‘‘ ۔ انھوں نے وضاحت کی کہ جب سب کچھ منصوبہ کے مطابق ہوتا ہے تو فطری طورپر کیپٹن کا کام آسان ہوجاتا ہے ۔ جہاں تک موجودہ ٹورنمنٹ کا معاملہ ہے ٹیم انڈیا کو اس کے بولروں چاہے وہ پیس اٹیک ہو یا اسپنرس ، دونوں نے شاندار کارگذاری کے ذریعہ ٹیم کو بلندی تک پہونچایا ہے ۔ دھونی نے مزاحیہ انداز بھی اختیار کیا اور کہا کہ حالات چاہے کیسے بھی ہو کپتان کو اپنے بولروں پر کچھ نہ کچھ دباؤ ڈالتے رہنا پڑتا ہے جیسے ’’یکساں لائین اور یکساں لینتھ پر گیند بازی کرتے رہو ‘‘ ۔ تاہم انھوں نے تمام بولروں کے بارے میں یہ بات ضرور کہی کہ انھوں نے منصوبوں کے مطابق لگ بھگ 100 فیصد کارکردگی پیش کی ہے ۔ اس کا فائدہ انھیں بلاشبہ اس ٹورنمنٹ کے بعد بھی ہوتا رہے گا ، جب انھیں برصغیر کے باہر ٹسٹ سیریز کیلئے بھی واپس آنا پڑے گا ۔ اس طرح موجودہ بولروں کا رواں ٹورنمنٹ میں تجربہ وسیع طورپر ہندوستان کے کام آئے گا جو انڈین کرکٹ کیلئے یقینا اچھی بات ہے۔
سوئس گرانڈ پری بیڈمنٹن
باسل (سوئٹزرلینڈ ) ۔ 11 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) سرکردہ ہندوستانی شٹلر کے سریکانت کے ساتھ تین دیگر یہاں جاری 120,000 امریکی ڈالر والے سوئس گرانڈ پری گولڈ بیڈمنٹن چمپین شپ کے دوسرے راؤنڈ میں پہونچ گئے ہیں۔ عالمی نمبر5 سریکانت نے فرانس کے لوکاس کاروی کو اوپننگ راؤنڈ میں 21-18، 21-10 سے ہرایا ۔ آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے ٹاپ سیڈ ہندوستانی کا اگلا حریف جرمنی کے دیتر دومکے ہیں ۔ دیگر ہندوستانیوں میں اجئے جئے رام ، آنند پوار اور سائی پرنیت کامیاب ہوئے ۔