ورلڈ کپ کے ٹاپ اسکورر جرمن فٹ بالر میروسلو کلوزسبکدوش

فرینکفرٹ۔ 12 اگست (سیاست ڈاٹ کام) فیفا ورلڈ کپ 2014ء میں سب سے زیادہ گول کرنے کاریکارڑ بنانے والے جرمن فٹ بالر میروسلوکلوز نے بین الاقوامی فٹبال سے سبکدوشی کا اعلان کردیا۔36سالہ کلوز نے حالیہ ورلڈ کپ میں دو گول کرکے برازیل کے سابق کھلاڑی رونالڈو کے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڑ توڑ دیا تھا۔ورلڈ کپ میں ان کے گول کی تعداد16ہے جبکہ رونالڈو15گول کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔کلوز 71گول کرکے جرمنی کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

اس ضمن میں36 سالہ کلوز نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں ٹیم کوفتح سے ہمکنا رکرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔مجھے 13سال ٹیم کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے اور میرے خیال میں فٹبال کو خیر با د کہنے کا درست وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمن ٹیم کو برازیل میں عالمی چیمپئن بنتے دیکھنا میرا بچپن کا خواب تھا۔ٹیم نے ورلڈ کپ جیتنے کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیااور اس کامیابی کے درپردہ کوچ خو آلیم لیو کا اہم کردار ہے۔ٹیم کو نوجوان کھلاڑی کی ضرورت ہے۔

امید ہے کہ ٹیم آئندہ ورلڈ کپ میں خطااب کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوگی۔ واضح رہے کہ کلوز نے اپنے کیرئر کا آغاز 24مارچ 2001کو ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں البانیہ کے خلاف کیاجس میں جرمنی کو 2-1 سے کامیابی ملی تھی جبکہ کلوز نے میچ میں کیرئیرکا پہلا گول کرکے ٹیم کو جتوادیا تھا۔انھوں نے جرمنی کیلئے 137میچ کھیلے وہ جرمنی کی جانب سے سب سے زیادہ میچوںمیں حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں دوسرے نمبر پر ہیں۔کلوز جرمنی کی ورلڈ کپ میں کامیابی کے بعدسبکدوش ہونے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل کپتان فلپ لیہم نے اچانک فٹبال سے سبکدوشی کا اعلان کیاتھا۔دونوں کھلاڑیوں کے اعزاز میں3ستمبر کو ارجنٹیناکے خلاف دوستانہ میچ سے قبل شاندار تقریب منعقد کی جائے گی۔ جرمن کوچ یوآخیم لو نے کلوز کو ورلڈ اسٹار اور فٹبال کے عظیم اسٹرائیکر وں میں سے ایک قرار دیا ہے۔