نئی دہلی ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ برس برازیل میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ میں ٹیکنالوجی ایک اور سنگ میل عبور کرے گی کیونکہ مقابلہ کے دوران استعمال کئے جانے والے فٹبال میں ہائی ڈفنیشن (ایچ ڈی) کے کیمرے موجود رہیں گے جو کہ مقابلے کے دوران میدان کے360 زاویہ سے مختلف تصاویر حاصل کریں گے۔ اس فٹبال کو بارہ زوکا نام دیا گیا ہے اور اس کے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے ایڈیڈاس انڈیا کے برانڈ ڈائرکٹر تشار گوکل داس نے کہا کہ برازیل میں کھیلا جانے والا ورلڈ کپ ٹیکنالوجی کے اعتبار سے یادگار ثابت ہوگا۔ بارہ زوکا ورلڈ کپ کیلئے تیار کیا جانے والا بارہواں فٹبال ہے اور اس کا وزن 437 گرام ہوگا ۔ بارہ زوکا کا معنی زندگی کا برازیلی طریقہ ہے ۔
تلنگانہ آرم ریسلنگ اسوسی ایشن کا قیام
حیدرآباد ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آج اے پی اولمپک بھون میں منعقدہ جنرل باڈی اجلاس میں تلنگانہ آرم ریسلنگ اسوسی ایشن کے انتخابات عمل میں آئے۔ ہاشم رضا کو صدر، علمدار کو نائب صدر، مصطفی علی سکریٹری، سمیر علی جوائنٹ سکریٹری اور رجب علی کو خازن منتخب کیا گیا ہے۔ ایگزیکیٹیو کمیٹی ارکان میں محمد عبدالصفی اور سید حفیظ احمد ہاشمی کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ علاوہ ازیں آندھرا ریسلنگ اسوسی ایشن کے ارکان کا بھی انتخاب عمل میں آیا ہے۔