ورلڈ کپ کے عہدیداروں میں 6ہندوستانی بھی شامل

دبئی۔25فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) پہلی مرتبہ خاتون کو ورلڈ کپ کے عہدیداروں میں شامل ہونے کا موقع ملا ہے جیسا کہ آئندہ ماہ منعقد شدنی ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کیلئے آئی سی سی نے مقابلوں کیلئے عملہ کا اعلان کردیا ہے جس میں 6ہندوستانی بھی شامل ہیں ۔ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر سریناتھ 8مارچ کو زمبابوے اور ہانگ کانگ کے درمیان ناگپور میں کھیلے جانے والے مقابلہ کیلئے میچ ریفری ہوں گے ۔ 8مارچ تا 3اپریل منعقد شدنی خاتون زمرہ کے ورلڈ کپ کیلئے پہلی مرتبہ خاتون امپائرس کو بھی مقرر کیا گیا ہے جس میں نیوزی لینڈ کی کیتھولین کراس اور آسٹریلیا کی کلیری پولوسا شامل ہیں ۔ 16مارچ کو چینائی میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے مقابلہ میں ایک تاریخ بنے گی جب اس مقابلہ میں کراس بحیثیت امپائر اپنی خدمات انجام دیں گی جب کہ ان کے ساتھ میدان پر انیل چودھری بھی موجود رہیں گے ۔ دو دن بعد پولوسا بھی میدان پر امپائرنگ کی خدمات دیتے ہوئے کرکٹ تاریخ میں ایک باب میں اضافہ کرے گی اور نیوزی لینڈ بمقابلہ آئرلینڈ خاتون زمرہ کے اس مقابلہ میں ان کے ساتھ دوسرے امپائر ونیت کلکرنی ہوں گے ۔

 

انٹر اسکول فٹبال چمپئن شپ
سنجنا حیدرآباد ی ٹیم کی کپتان
حیدرآباد۔25فبروری ( راست) ٹاٹا موٹرس انٹراسکول فٹبال چمپئن شپ جس کا قومی سطح پر ممبئی ‘ پونا اور بنگلور میں 28فبروری کو آغاز ہورہا ہے اس میں حیدرآباد کی ٹیم کیلئے وشودھیا ہائی اسکول کی طالبہ سنجنا گڈگے کا بحیثیت کپتان انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ ٹیم کے کوچ سید تحسین پاشاہ صفدر ہے جو اولڈ بوئز گولکنڈہ فٹبال کلب کے جنرل سکریٹری بھی ہے ۔ ٹیم کے منیجر افضل الدین مقرر کئے گئے ہیں ۔