ورلڈ کپ کے تناظر میں پاکستان کیخلاف سیریز بہت اہم : جیمز فاکنر

آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کی دبئی آمد ۔ 5 اکتوبر کو واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے بعد تین ونڈے، دو ٹسٹ مقرر
دبئی ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے آج دبئی پہنچ گئی ہے۔ اس دورے میں ایک ٹی ٹوئنٹی، تین ونڈے اور دو ٹسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ اتوار 5 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔ تین ونڈے انٹرنیشنلس 7، 10 اور 12 اکتوبر کو ترتیب وار شارجہ، دبئی اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹسٹ میچ 22 سے 26 اکتوبر تک دبئی میں ہوگا جبکہ ابوظہبی 30 اکتوبر سے 3 نومبر تک دوسرے ٹسٹ کی میزبانی کرے گا۔ آسٹریلیائی ٹیم کے آل راؤنڈر جیمز فاکنر کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم بہت اچھی ہے اور اس کے خلاف سیریز انتہائی سخت ہوگی کیونکہ پاکستانی کرکٹروں کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے موسم اور وکٹوں کا بخوبی اندازہ ہے۔ فاکنر کا کہنا ہے کہ جب بھی آپ کسی ملک کے خلاف کھیلتے ہیں تو چاہے وہ ایک میچ کی سیریز ہو یا تین یا پانچ کی وہ چیلنجنگ ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے پاکستان کے خلاف سیریز کی بڑی اہمیت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی ٹیم اس سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے خلاف شکست کو ذہن سے نکال کر میدان میں اترے گی۔ یاد رہے کہ اس سال مارچ میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 16 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 اکتوبر کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیلئے آسٹریلیا نے آرون فنچ کی شکل میں نیا کپتان مقرر کیا ہے کیونکہ جارج بیلی نے آئندہ ٹی ٹوئنٹی نہ کھیلنے کا فیصلہ کیاہے۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت ایک بار پھر شاہد آفریدی کو سونپی گئی ہے۔ تاہم پاکستانی ٹیم کو پوری سیریز ورلڈ کلاس آف اسپنر سعید اجمل کے بغیر کھیلنی ہے جنھیں ان دنوں مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے معطلی کا سامنا ہے۔ پاکستانی ٹیم کیلئے ایک اور بری خبر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر بھی امپائروں کا اعتراض ہے۔ اگرچہ حفیظ کو بولنگ کرنے سے نہیں روکا گیا ہے مگر چمپینس لیگ کے دوران امپائروں نے اُن کے بولنگ ایکشن کے بارے میں شکایت کر کے انٹرنیشنل امپائرز کو بھی چوکنا کر دیا ہے۔