کراچی۔ 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کو بنگلہ دیش جانے کے لئے حکومتی اجازت درکا ر ہے لیکن ایشین کرکٹ کونسل کے بعد آئی سی سی نے بھی خدشات اور غیر یقینی کی کیفیت ختم کرتے ہوئے ٹورنمنٹ کے بنگلہ دیش میں انعقا کواجازت دیدی ہے۔ ٹورنمنٹس کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی آفیسر کرنل(ر)اعظم نے ڈھاکہ کے دورے کے بعد اپنی رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو دے دی ہے تاہم اب بھی پی سی بی کو ٹورنمنٹ میں شرکت کے لئے حکومت کی رسمی منظوری درکار ہے۔جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تصدیق کی ہے کہ میگا ایونٹ بنگلہ دیش میں ہوگا۔ قبل ازیں سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹورنمنٹ کا بنگلہ دیش میں انعقاد خطرے میں تھا۔ آئی سی سی ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے آغاز میں اب ایک ماہ کا وقت باقی رہ گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرنل اعظم نے آئی سی سی کی سیکیورٹی ٹیم کے ساتھ ڈھاکہ کا دورہ کرکے پی سی بی کے چیئرمین کو رپورٹ دے دی ہے‘
انہوں نے بنگلہ دیش میں ہونے والے دونوں میگا ایونٹس کے لئے سیکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قراردیاہے‘ تاہم انہوں نے سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لئے بعض اہم تجاویز بھی دی ہیں۔ کرنل اعظم نے ذکا اشرف کے ساتھ وزارت خارجہ کا بھی دورہ کیا تھا اور انہیں بھی بنگلہ دیش کے سیکیورٹی منصوبے سے آگاہ کیا ہے۔ پی سی بی نے کرنل اعظم کی سیکیورٹی رپورٹ کی نقل بھی وزارت خارجہ کے حوالے کی ہے۔ تاہم ابھی تک حکومت نے پی سی بی کو ابھی تک بنگلہ دیش جانے کی اجازت نہیں دی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ٹیم کی شرکت کا فیصلہ وزیراعظم اور پی سی بی کے سر پرست اعلی میاں محمد نواز شریف کریں گے۔ذکا اشرف نے کہا کہ وزارت خارجہ نے اس بارے میں تفصیلات وزیراعظم کو بھیج دی ہے۔ ایشیا کپ 25 فروری تا 8 مارچ تک ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش میں حالیہ انتخابات کے موقع پر تشدد کے واقعات ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ جماعت اسلامی کے رہنما عبدالقادرْملا کو سزائے موت سنائے جانے پر پاکستان کی اسمبلی میں مذمتی قرارداد اور ملک گیر احتجاج پر بنگلہ دیشی حکومت نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا ۔