جے پور۔24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کیپٹلس کو اپنی اننگز سے راجستھان رائلس کے خلاف جیت دلانے والے وکٹ کیپر رشبھ پنت نے کہا ہے کہ ہندستان کی ورلڈ کپ ٹیم میں منتخب نہیں ہونے کا خیال ان کے ذہن پرچھاگیا تھا اور اس سے نکلنے میں انہیں کافی وقت لگا۔ دہلی کے لئے پنت نے ناٹ آوٹ 78 رنز کی اننگز کھیل کر جیت دلائی اور مین آف دی میچ بھی بنے۔ حال ہی میں معلنہ ہندوستان کی ورلڈ کپ کی 15 رکنی ٹیم میں انہیں شامل نہیں کیا گیا ہے جس کے لیے وہ مضبوط دعویدار مانے جا رہے تھے۔ پنت نے ٹیم کی جیت کے بعد کہاکہ میں جھوٹ نہیں بولوں گا، ورلڈکپ میرے ذہن پر چھاگیا تھا اور میں مسلسل اس کے بارے میں ہی سوچ رہا تھا۔ لیکن میں نے اپنی صلاحیتوں پر انحصار رکھا اور اپنی ٹیم دہلی کے لئے اچھا کھیلنے کی کوشش کی جس کا مجھے فائدہ بھی ملا۔21 سال کے وکٹ کیپر نے کہاکہ اپنی ٹیم کو جیت دلانا ایک اچھا احساس ہے۔