ہوبارٹ۔26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی سابق کرکٹر مائیکل ہسی کی ورلڈ کپ ٹرافی کے ہمراہ اونچے ٹاور سے چھلانگ دراصل ورلڈ کپ شروع ہونے سے قبل ٹرافی کے ورلڈ ٹور کے بعد اسکے آسٹریلیائی ٹورکا حصہ ہے جسکے تحت آخری مرحلے میں مائیکل ہسی ورلڈ کپ ٹرافی کے ہمراہ اونچے ٹاور سے نیچے اْترتے نظر آئے۔آسٹریلیائی ریاست تسمانیہ میں ورلڈ کپ ٹرافی کی تشہیری مہم کے اختتام پر مائیکل ہسی دارالحکومت ہوبارٹ کے ریسٹ پوائنٹ ٹاور کی اونچائی پر پہنچے اور ٹرافی کو اپنے جسم سے باندھتے ہوئے کمند کے ذریعے نیچے اْترنے کا خطرناک اسٹنٹ پیش کیا۔واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء میں چند دن باقی رہ گئے ہیں جس کیلئے کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی نے ورلڈکپ کا باقاعدہ100روزہ کاونٹ ڈاون شروع کیاہے۔14فروری2015ء کو شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچوں میں مشترکہ میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ‘انگلینڈ اور سری لنکا کے مدِ مقابل نظر آئینگے۔44دنوں تک جاری رہنے والے کرکٹ کے اس عالمی میلے میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی جودونوں میزبان ممالک کے14میدانوں پر49میچوں میں ایک دوسرے کے مد مقابل اپنے جوہر دکھائیں گی۔