نئی دہلی ۔ 27 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں ہندوستانی ٹیم کو گزشتہ روز ہوئی شکست سے قطع نظر بی سی سی ائی کے صدر جگموہن ڈالمیا نے ہندوستانی ٹیم کو ورلڈ کپ میں اس کے بہترین و مثالی مظاہرہ پر مبارکباد دی اور کہا کہ مہندر سنگھ دھونی اور ان کے ساتھیوں نے بہترین مظاہرہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ دفاعی چمپیئنس ہندوستانی ٹیم گزشتہ روز سڈنی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں میزبان آسٹریلیا کے ہاتھوں 95 رن سے بدترین شکست کے بعد مقابلے سے خارج ہوگئی ۔ ڈالمیا نے کہاکہ اس شکست کے باوجود اس ٹیم کو چار مختلف مرحلوں میں حاصل ہونے والی لگاتار سات کامیابیوں پر مبارکباد دی جانی چاہئے ۔ ڈالمیا نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’آئی سی سی ورلڈ کپ 2015 میں مثالی و یادگاری کھیل پر میں ساری ہندوستانی ٹیم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ انھوں نے اپنے حقیقی جذبہ اور اسپرٹ کے ساتھ کھیلتے ہوئے غیرمعمولی صلاحیتیوں کا مظاہرہ کیا ہے جس سے کرکٹ کے لاکھوں شائقین کو خوشی ہوئی ہے ‘‘۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’سیمی فائنل میں شکست پر مایوسی کے باوجود حقیقت یہ ہے کہ نوجوان نسل کے ان کھلاڑیوں نے ہندوستانی کرکٹ کو عظیم بلندیوں پر لیجانے کیلئے مطلوبہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے جو قابل تحسین ہے ‘‘۔