برسبین ۔ یکم اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے جاریہ ورلڈ کپ میں بمشکل تمام اپنی پہلی جیت درج کروائی ہے اور اس نے زمبابوے کے خلاف 20 رنوں سے کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ پاکستان نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پاکستانی بلے باز اس کا فائدہ نہیں اٹھاسکے اور انہوں نے اپنے مقررہ 50 اوورس میں کپتان مصباح الحق کے صبر آزما 73 رنوں کی بدولت صرف 235 کا اسکور ہی کھڑا کرسکے ۔ جواب میں زمبابوے کی ساری ٹیم 49.4 اوورس میں 215 رن بناکر آوٹ ہوگئی ۔ آخری لمحات میں زمبابوے کی ٹیم اپنے نشانہ کے قریب پہونچ رہی تھی اور پاکستان کیلئے مشکلات پیدا ہورہی تھیں تاہم اس کے بولروں نے زمبابوے کی اننگز کو 215 رنوں پر ختم کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ پاکستان کیلئے اوپنرس بہت جلد آوٹ ہوگئے ۔ ناصر جمشید چتارا کی گیند پر رضا کو کیچ دے کر آوٹ ہوگئے ۔ انہوں نے صرف ایک رن بنایا تھا جبکہ احمد شہزاد صفر کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے ۔ چتارا کی گیند پر برینڈن ٹیلر نے ان کا کیچ لیا ۔ تیسرے نمبر کے بلے باز حارث سہیل 44 گیندوں میں دو
چوکوں کی مدد سے 27 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ انہیں رضا کی گیند پر سین ولیمس نے کیچ آوٹ کیا ۔ کپتان مصباح الحق نے صبر آزما نصف سنچری اسکور کی ۔ انہوں نے 121 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے محض تین چوکوں کی مدد سے 73 رنز اسکور کئے ۔ چتارا کی گیند پر سین ولیمس نے ان کا کیچ لیا ۔ وکٹ کیپر عمر اکمل نے بھی قدرے اچھی بیٹنگ کی لیکن وہ بھی 42 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 33 رن بناکر آوٹ ہوگئے ۔
انہیں سین ولیمس نے بولڈ کیا ۔ شاہد آفریدی صرف دو گیند وکٹ پر ٹہر سکے اور سین ولیمس کی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر بولڈ ہوگئے ۔ صہیب مقصود نے 17 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 21 رن بنائے ۔ آخری لمحات میں وہاب ریاض نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو 235 تک پہونچایا ۔ انہوں نے 46 گیندوں میں ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 54 ناٹ آوٹ رنز اسکور کئے ۔ سہیل خاں چھ رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ زمبابوے کی جانب سے ٹینڈائی چتارا نے تین اور سین ولیمس نے دو وکٹس لئے ۔ موپریوا اور سکندر رضا کو ایک ایک وکٹ مل سکی ۔ جواب میں زمبابوے کی شروعات بھی اچھی نہیں رہی ۔ چامو چبھابھا 9 رن بناکر عرفان خان کی گیند پر حارث عرفان کو کیچ دے بیٹھے جبکہ سکندر رضا بھی صرف 8 رن بناسکے
اور عرفان کی گیند پر ہی سہیل کو کیچ دے بیٹھے ہیملٹن مساکاڈزا 29 رن بناکر عرفان کی گیند پر مصباح کو کیچ دے بیٹھے جبکہ برینڈن ٹیلر نے نصف سنچری اسکور کی ۔ انہوں نے 72 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 50 رن بنائے ۔ انہیں وہاب ریاض نے عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا ۔ سین ولیمس 32 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 33 رن بناکر راحت علی کی گیند پر احمد شہزاد کو کیچ دے بیٹھے ۔ کریگ ارون 14 رن بناکر اور سولومن مائیر 8 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ ارون کو ریاض نے اور مائیر کو عرفان نے آوٹ کیا ۔ ایلٹن چگمبورا نے آحری لمحات تک جدوجہد کی اور 35 رن بناکر وہاب ریاض کی گیند پر عمر اکمل کو کیچ دے بیٹھے جبکہ عمر اکمل بھی ریاض کی ہی گیند پر عمر اکمل کو کیچ دے کر پویحلین لوٹ گئے ۔ ٹناشے پنیانگارا 10 رن پر رن آوٹ ہوئے جبکہ ٹینڈائی چتارا صفر پر ناٹ آوٹ رہے ۔ پاکستان کیلئے محمد عرفان اور وہاب ریاض نے چار چار وکٹس حاصل کئے جبکہ راحت علی کو ایک وکٹ مل سکی ۔