کراچی ۔24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بننا ان کے اور اہل خانہ کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے لہٰذا ان کی کوشش یہی ہوگی کہ اس مرتبہ موقع ملنے پر بہترین کھیل کا مظاہرہ کروں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم نے بہت اچھی تیاریاں کی ہیں لیکن نتائج کے بارے میں وہ فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے تاہم اپنی جانب سے صد فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی کیلئے بھرپور محنت جاری رہے گی۔کیریئر کے دوران 74 ونڈے میچز کھیلنے والے جنید خان 2011 اور 2015 میں بھی ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن انہیں میدان میں اترنے کا موقع نہیں مل سکا اور اس مرتبہ قسمت مہربان ہوئی تو وہ میگاایونٹ میں کرئیر کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دورحاضر کی کرکٹ بہت تیز ہوگئی ہے جس میں زیادہ تر ونڈے میچز میں 300 سے زائد رنز بن جاتے ہیں تاہم کوشش ہو گی کہ کم سے کم رنز دیں۔