ورلڈ کپ میں بدتمیزی پر کھلاڑیوں کے خلاف سخت سزاکا فیصلہ

ملبورن۔11 فروری(سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے دوران بدتمیزی اور قوانین کی خلاف ورزی پر کھلاڑیوں کو سخت سزا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ورلڈ کپ میں دو کھلاڑیوں کے درمیان بدکلامی اور ضرورت سے زیادہ فقرے بازی پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ عالمی گورننگ باڈی ایک مرتبہ غلطی کی صورت میں بھاری جرمانہ عائد کرے گی جبکہ دوسریمرتبہ غلطی سرزد ہونے پر کھلاڑی کو معطل کر دیا جائے گا۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیورچرڈسن نے کہا ہے کہ اگر 14فروری تا 29مارچ تک جاری رہنے والے ٹورنمنٹ کے دوران میدان میں پہلے سے منفی ریکارڈ کے حامل کھلاڑی دوبارہ آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تو ان کے میچ کھیلنے پر لازمی پابندی لگائی جا سکتی ہے۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیورچرڈسن نے ملبورن میں تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کی موجودگی میں میڈیا کو مطلعکرتے ہوئے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ چند کھلاڑیوں کی جانب سے کچھ مہینے قبل سے شروع ہونے والا یہ ناقابلِ قبول عمل نوجوان تماشائیوں کے لئے اچھی مثال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارروائی پہلے سے ہی شروع ہوچکی ہے اور میچ ریفری کی جانب سے عائد کردہ جرمانہ پہلے سے سنگین ہو گا لیکن ہم پرامید ہیں کہ ہر کسی سے برابر برتاؤ کیا جائے گا۔ رچرڈسن کے مطابق پہلے جرم کی بنیاد پر کھلاڑی پر جرمانہ لگا کر معاملہ ختم کر دیا جائے گا لیکن اگر کھلاڑی سے دوبارہ جرم سرزد ہوا تو انہیں میچ سے معطل کر دیا جائے گا۔ آسٹریلیائی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے جن پر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر دو مہینے میں دو بار جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ اسی طرح ہندوستانی بیٹسمین شکھر دھون اور ویراٹ کوہلی کے خلاف بھی کارروائی ہو سکتی ہے جنہوں نے دسمبر میں آسٹریلیا کیخلاف مسابقت سے بھرپور سیریز میں بدکلامی کی تھی۔ کرکٹ ماہرین نے فٹبال کی طرز پر پیلے اور لال کارڈ متعارف کرانے کا مشورہ دیا لیکن رچرڈسن نے کہا کہ کرکٹ کو اب بھی آن فیلڈ امپائرز اور تھرڈ امپائر کے ذریعے پرکھا جائے گا اور کسی واقعہ کی صورت میں فوری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔