ورلڈ کپ میزبانی کیلئے ہم تیار ہیں : حسن الذوادی

نیویارک ۔ 6 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) فیفا ورلڈ کپ 2022 قطر کیلئے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا ، ان خیالات کا اظہار ٹورنمنٹ کے صدر حسن الذاودی نے کیا ۔ الذوادی جو یہاں نیویارک میں اسپورٹس بزنس کانفرنس میں شرکت کیلئے پہونچے ہیں انھوں نے فیفا کی جانب سے قطر کو ورلڈ کپ کی میزبانی دیئے جانے میں بدعنوانیوں کے تمام الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ورلڈ کپ کی میزبانی قطر کیلئے گیم چینجر ہوگی ۔ ملازمین کے حقوق اور فٹبال کیلئے غیرمناسب انفراسٹرکچر کے الزامات کو بھی مسترد کرتے ہوئے انھوں نے 40 منٹ طویل شہ نشین پر اپنی تقریر میں کہا کہ ہم ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے تیار ہیں اور اُمید ہے کہ ہر گذرتا دن ورلڈ کپ کی میزبانی کو کامیاب بنانے کی سرگرمیوں میں صرف ہورہا ہے ۔