ورلڈ کپ :محمد صلاح مصر کے آئندہ مقابلہ میں حصہ لینگے

سینٹ پیٹرس برگ 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر کے اسٹار فٹبالر محمد صلاح ‘ جنہوں نے اپنی 26 ویں سالگرہ منائی ہے ‘ ورلڈ کپ کے مصر کے آئندہ میچ میں حصہ لیں گے ۔ مصر فٹبال اسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں محمد صلاح کے فٹنس کے تعلق سے کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی ہے اور صرف اتنا کہا گیا ہے کہ انہوں نے ہفتہ کو گروزنی میں مکمل پریکٹس سشن میں حصہ لیا ہے ۔ مصر کی ٹیم چیچنیا کے گروزنی میں کیمپ کئے ہوئے ہے ۔ محمد صلاح ‘ چمپئنس لیگ کے فائنل میچ میں گذشتہ مہینے زخمی ہوگئے تھے جس کے نتیجہ میں ورلڈ کپ میں ان کے حصہ لینے پر سوال پیدا ہوگئے تھے ۔ جمعہ کو ‘ صلاح کی سالگرہ کے دن ‘ جب مصر کا یوروگوئے سے مقابلہ ہوا اس میچ میں محمد صلاح میدان پر نہیں اترے تھے ۔ مصر کے ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر اہاب لیہت نے بتایا کہ صلاح کی حالت اب بہت بہتر ہے ۔ وہ یوروگوئے کے میچ کے تعلق سے بہت مایوس تھے ۔ ان کا خیال تھا کہ وہ اس میچ میں کھیل سکتے تھے ۔ سالگرہ کے دن محمد صلاح کے حامیوں اور چیچنیا کی قیادت نے انہیں مبارکباد دی اور کیک پیش کیا ۔ صلاح اس موقع پر مسکرا اٹھے اور ٹیم ساتھیوں اور ہوٹل اسٹاف کے ساتھ سالگرہ منائی ۔