ورلڈ کپ فٹبال : بلجیم کا آج پناما کے خلاف افتتاحی میچ

رابرٹو مارٹنیز کی قیادت میں ٹیم ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہرہ کی خواہاں ‘ انگلینڈ سے مقابلہ کیلئے بھی تیار

سوچی ( روس ) 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بلجیم کے کپتان رابرٹو مارٹیز کی قیادت میں ان کی ٹیم پیر کو ورلڈ کپ میں اپنا افتتاحی مقابلہ کھیلے گی اور ٹیم اس ٹورنمنٹ میں بہترین مظاہرہ کا عزم رکھتی ہے ۔ بلجیم کا افتتاحی مقابلہ پناما کے خلاف ہونے والا ہے ۔ بلجیم کی ٹیم فیفا رینکنگ میں تیسرا مقام رکھتی ہے اور اسے ایڈن ہزارڈ اور کیون ڈی جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی میں عصر حاضر کی بہترین ٹیم بھی قرار دیا جاتا ہے ۔ اس ٹیم سے اور اس کے کھلاڑیوں سے کافی توقعات وابستہ کی جا رہی ہیں ۔ بلجیم کی ٹیم ٹورنمنٹ کے گروپ جی میں ہے اور اس میں انگلینڈ جیسی ٹیم بھی شامل ہے تاہم فٹبال گوشوں میں توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ بلجیم کی ٹیم کم از کم ناک آوٹ مرحلہ تک ضرور رسالی حاصل کرے گی اور اگر اسے اپنے افتتاحی میچ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والی پناما ٹیم کے خلاف کامیابی نہیں ملتی ہے تو یہ بہت بڑا اسپ سیٹ ہوگا ۔ مارٹینیز کا کہنا تھا کہ اس میچ کے تعلق سے پر امید ہیں اس ٹیم نے اب تک میچس کھیلے ہیں ورلڈ کپ نہیں کھیلا ہے ۔ یہ ٹیم ( پناما ) ورلڈ کپ میں رسائی کے تعلق سے ہی مسرور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرجوش ہیں۔ وہ کھلاڑیوں کو محنت کرتے دیکھ رہے ہیں ۔ ان کی ٹریننگ جاری ہے اور وہ پرستاروں کی توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے کے تعلق سے پرامید ہیں ۔ اب تک مارٹینیز کی قیادت میں بلجیم کے نتائج بہت شاندار رہے ہیں۔ پیر کو کوسٹاریکا کے خلاف دوستانہ میچ میں ٹیم نے 4 – 1 سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ اس کے علاوہ اس ٹیم کو 19 میچس میں اب تک شکست نہیں ہوئی ہے ۔ بلجیم کے ایک اور اسٹرائیکر ڈرائس مرٹینس نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہم کتنے مسحتکم ہیں اور مجھے امید ہے کہ ہم ٹورنمنٹ میں بھی اس کا مطاہرہ کرینگے ۔ اس ٹیم کو اپنے میچس میں انگلینڈ کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ بلجیم کا کہنا ہے کہ وہ اس میچ کیلئے بھی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور انگلینڈ سے بھی سخت مقابلہ کیا جائیگا ۔ مارٹینیز کا کہنا ہے کہ حالانکہ ان کی ٹیم کے بیشتر کھلاڑیوں کو انگلینڈ کا تجربہ حاصل ہے لیکن ان کی ٹیم فی الحال صرف پناما کے خلاف اپنے ابتدائی میچ پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔