ورلڈ کپ سے قبل ہند۔ آسٹریلیا ٹسٹ اور ونڈے سیریز

ملبورن۔ 23؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ دفاعی چمپئن ہندوستانی ٹیم کو آئندہ برس آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد شدنی ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل آسٹریلیائی حالات سے خود کو ہم آہنگ کرنے کا ایک بہترین موقع دستیاب ہورہا ہے، کیونکہ ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیائی ٹیم ہندوستان کی ٹسٹ اور سہ رُخی سیریز میں میزبانی کررہا ہے۔ ہند۔ آسٹریلیا سیریز 4 دسمبر تا یکم فروری تک کھیلی جائے گی جب کہ سہ رُخی ونڈے سیریز کی انگلینڈ تیسری ٹیم ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے ورلڈ کپ سے قبل ہندوستان کے ساتھ منعقد شدنی سیریز کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان 4 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کھیلی جائے گی جس کا پہلا مقابلہ 4 دسمبر کو برسبین میں شروع ہوگا۔ سیریز کے دیگر 3 مقابلوں کی تفصیلات بھی جاری کردی گئی ہے، جیسا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹسٹ مقابلہ 12 تا 16 دسمبر ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ علاوہ ازیں برسبین 26 تا 30 دسمبر کو دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ٹسٹ کی میزبانی کرے گا جب کہ سڈنی میں 3 تا 7 جنوری ہند۔ آسٹریلیا چوتھا اور آخری مقابلہ منعقد ہوگا۔ چند دنوں کے وقفہ کے بعد سہ رُخی سیریز کا پہلا مقابلہ 16 جنوری کو کھیلا جائے گا جب کہ سہ رُخی سیریز کا خطابی مقابلہ یکم فروری کو پرتھ میں منعقد ہوگا۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ برسبین کے کرکٹ شائقین 2003-04ء کے بعد پہلی مرتبہ آسٹریلیائی ٹسٹ ٹیم کا مظاہرہ دیکھیں گے۔ اس سیریز کے بعد ورلڈ کپ کا 14 فروری کو آغاز ہوگا جب کہ خطابی مقابلہ 29 مارچ کو کھیلا جائے گا۔