شارجہ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ٹوئنٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہیکہ ورلڈ کپ سے قبل ہر سیریز اہم ہے ،ٹیم جتنا جیتے گی، اتنا ہی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔فٹنس میں کمی نہیں آئی، فٹنس بہتر ہوئی ہے۔ شارجہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ ٹوئنٹی 20 ٹیم سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اور چند کھلاڑیوں نے چمپیئنس لیگ میں بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کے لئے ہر سیریز اہم ہوگی۔ٹیم جتنے میچس جیتے گی ، کھلاڑیوں کا اعتماد اتنا ہی زیادہ بڑھے گا۔ آ ل رائونڈر کا کہنا ہیکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فٹنس کے معاملے پر جو اقدامات کئے ہیں اس سے ٹیم کو بہت فائدہ ہوگا ۔ کپتان نے کہا کہ میں سوپر فٹ ہوں اور اپنی فٹنس کے حوالے سے کسی کو انگلی اٹھانے کا موقع نہیں دوں گا۔اس وقت بھی اچھا محسوس کررہا ہوں۔
گذشتہ چار پانچ سال سے پاکستانی اسپنرس نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے لیکن اس وقت ہمارے پاس چند اچھے فاسٹ بولرس ہیں۔ہم سعید اجمل کی کمی کو محسوس کریں گے لیکن اس کے باوجود ہمارے پاس اچھے بولر موجود ہیں۔مجھے رضا حسن ،محمد حفیظ اور دیگر بولروں سے امیدیں وابستہ ہیں۔مجھے اپنی بولنگ سے توقعات وابستہ ہیں۔ دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے،حفیظ اور سعید اجمل نے پاکستان کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ موجودہ ٹیم میں فاسٹ بولروں کے علاوہ چند اچھے اسپنراور آل رائونڈرس بھی شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں ہمارے اسپنرز نے اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔موجودہ ٹیم متوازن ہے۔