ورلڈ کپ ، آئی سی سی کے فیصلے میں تبدیلی کا امکان

سنگاپور۔ 17اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ پر ایک اور یوٹرن کا امکان ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ورلڈکپ کو مختصر اور اس کے معیار میں بہتری کیلئے ٹیموں کی تعداد کم کی تھی، جس کے تحت آئندہ برس انگلینڈ میں مجوزہ میگا ایونٹ صرف 10 ٹیموں پر مشتمل ہوگا، اس میں زمبابوے، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور نیدرلینڈز جیسی ٹیمیں شریک نہیں ہیں،اس حوالے سے ورلڈ گورننگ باڈی کو تنقید کا بھی سامنا ہے، 2015 کے ورلڈ کپ 14 ٹیموں پر مشتمل تھا۔ ایک رپورٹ کے مطابق سنگاپور میں جاری آئی سی سی کے اجلاس میں اس حوالے سے کسی فیصلے کا تو امکان نہیں تاہم اس بارے میں جائزہ لیے جانے کی توقع ہو رہی ہے، ورلڈ کپ 2023 اور اسکے بعد کے ایڈیشنز میں ٹیموں کی تعداد پھر سے بڑھانے پر غور ہوگا، مسابقتی ٹیموں کو میگا ایونٹ میں رسائی دینے کیلیے زیادہ مضبوط اور مشکل کوالیفائنگ طریقہ کار بھی موجود ہے۔ اسی طرح ورلڈ ٹی 20 میں بھی ٹیموں کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے۔ یاد رہے کہ ونڈے ورلڈ کپ کے ابتدائی چار ایڈیشنز میں ٹیموں کی تعداد 8 تھی، 1992 میں یہ 9 ہوئی، 1996 اور 1999 میں 12 ٹیموں میں مقابلہ ہوا، 2003 میں یہ تعداد 14 اور 2007 میں 16 تک پہنچ گئی،2011 اور 2015 کے ایڈیشنز میں 14، 14 ٹیموں میں خطاب کی جنگ ہوئی تھی، اب اگلے برس انگلینڈ میں 10 ٹیمیں برسرپیکار ہوں گی۔