لاہور۔31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )قذافی اسٹیدیم لاہور میں پاکستان کرکٹ ٹیم اور ورلڈ الیون کے درمیان ستمبر میں ہونے والے آزادی کپ کے لیے ٹکٹ کی آن لائن خریداری یکم ستمبر سے شروع ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کی قیمت 500 تا 6000 روپے کے درمیان ہوگی۔کرکٹ شائقین جنرل اسٹینڈ کی ٹکٹ 500 روپے کے عوض خرید سکیں گے جبکہ انضمام الحق انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 2500 روپے مقرر کی گئی ہے۔سب سے مہنگے ٹکٹ عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز کے ہوں گے جن کی قیمت 6000 روپے ہوگی۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹکٹ کاونٹرز عیدالضحیٰ کے بعد لگائے جائیں گے۔خیال رہے کہ ورلڈ الیون اور پاکستان کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔پی سی بی نے ورلڈ الیون کے خلاف سرفراز کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کی فہرست بھی جاری کردی گئی ہے۔ورلڈ الیون ٹیم کے کوچ اور مینیجر کی حیثیت سے زمبابوے کے اینڈی فلاور پاکستان آئیں گے جنہیں آئی سی سی نے یہ ذمہ داریاں سونپی ہیں۔