ورلڈکپ کے پہلے مقابلہ کیلئے تیار ہوں:ملینگا

ولنگٹن ۔ 9 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر لستھ ملینگا نے ہفتہ کو ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے مقابلہ کیلئے خود کو فٹ قرار دیدیا ہے۔ کہنی کے زخم کی وجہ سے ملینگا نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ منعقدہ 7 مقابلوں کی ونڈے سیریز میں شرکت نہیں کرپائے تھے لیکن انہوں نے میڈیا نمائندوں سے ا ظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پہلے مقابلہ میں شرکت کیلئے تیار ہیں۔ ملینگا کیلئے ورلڈکپ کے افتتاحی مقابلہ سے قبل جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف منعقد شدنی وارم اپ مقابلے اہمیت کے حامل ہیں جہاں وہ اپنی فٹنس اور ردھم حاصل کرسکتے ہیں۔ دریں اثناء سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھوس نے کہا ہے کہ ملینگا صد فیصد صحتیاب ہوکر ٹیم میں واپسی کرچکے ہیں اور مقابلوں کے دوران ان سے صد فیصد مظاہروں کی امید ہے۔ ملینگا نے کسی قدر جذباتی ہوکر کہا ہے کہ فی الحال وہ صد فیصد صحت یاب ہیں لیکن مقابلوں کے دوران اگر انہیں تکلیف بھی ہوئی تھی وہ ورلڈکپ کھیلنا ہی چاہیں گے۔ مکمل صحتیاب ہونے کے باوجود ملینگا نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ وہ یہ نہیں جانتے ہیں کہ بولنگ میں ان کی رفتار کیسی ہوگی اور مظاہرہ کیا ہوگا لیکن اس کے باوجود وہ بہتر ردھم کے ساتھ دوڑ رہے ہیں۔ ملینگا کو دنیائے کرکٹ میں مقابلہ کے آخری اوورس کا ایک خطرناک بولر مانا جاتا ہے اور نیو زی لینڈ کے خلاف حالیہ منعقدہ ونڈے سیریز میں سری لنکا کی 4-2 کی شکست کے بعد ٹیم میں ان کی واپسی کو میتھوس نے ٹیم کیلئے انہیں ایکس فیکٹر قرار دیا ہے۔