ورلڈکپ کی آج رنگا رنگ افتتاحی تقاریب

ملبورن/کریسٹ چرچ۔11 فبروری(سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی 2015 کرکٹ ورلڈ کپ کی رنگارنگ افتتاحی تقریبات مشترکہ طور پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں جمعرات کو ہوںگی۔جس میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا جبکہ ورلڈ کپ کے مقابلوں کا آغاز با ضابطہ طور پر 14 فروری کو ہو گا۔آسٹریلیا نے تقریب کیلئے ملبورن اور نیوزی لینڈ نے کریسٹ چرچ کا انتخاب کیا ہے۔ آسٹریلیا میں ہونے والی تقریب میں لیجنڈ کرکٹرز سمیت دیگر اعلی شخصیات شرکت کریں گی اور اس موقع پر موسیقی سمیت کئی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے۔ تقریب میں شائقین مفت شرکت کر سکیں گے۔ نیوزی لینڈ کے کریسٹ چرچ میں افتتاحی تقریب میں بھی بورڈ حکام سمیت ا سٹیفن فلیمنگ ،رچرڈ ہیڈلی اوربرینڈن مکا لم بھی شرکت کریں گے۔اس ضمن میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے چیف ایگزیکٹو جان ہرنینڈن نے کہا ہے کہ ملبورن 23سال بعد عالمی کپ کی میزبانی کرے گا۔اس حوالے سے ہم وکٹورین حکومت کے تعاون کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقادکیلئے آمادہ ہوئے۔ ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں حصہ لے رہیں۔ گروپ اے میں انگلینڈ، آسٹریلیا، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، افغانستان اورا سکاٹ لینڈ جبکہ گروپ بی میں پاکستان، دفاعی چیمپئن ہندوستان، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، زمبابوے، آئرلینڈ اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔14 فروری کو افتتاحی دن نیوزی لینڈ اور آسٹریلیائی ٹیمیں حریف ٹیموں کے خلاف اپنے پہلے مقابلہ کھیلیں گی۔