ورلڈکپ کرکٹ پر سٹہ بازی، دو ٹولیاں گرفتار

حیدرآباد ۔ /25 فبر وری (سیاست نیوز) ورلڈ کپ کرکٹ میچیس پر سٹہ کا کاروبار چلانے والی دو ٹولیوں کو سٹی پولیس نے بے نقاب کردیا۔ ایک سٹے باز کو ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 41 سالہ آر سبرامنیم عرف چنا ساکن اندرا نگر وارثی گوڑہ ایک فوٹو اسٹوڈیو چلاتا ہے لیکن پرتعیش زندگی کیلئے آمدنی ناکافی ہورہی تھی ۔ سبرامنیم نے جاریہ ورلڈ کپ کرکٹ میچیس پر سٹہ کا کاروبار شروع کیا اور اس نے اپنے مکان میں سیٹ اپ باکس نصب کرتے ہوئے موبائیل فون پر سٹہ کی بولی وصول کررہا تھا ۔ ٹاسک فورس نے بتایا کہ ورلڈ کپ کرکٹ کے آئرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کے ونڈے میچ پر وہ سٹہ وصول کررہا تھا کہ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے وہاں دھاوا کرتے ہوئے 8 موبائیل فون ، لائین سیٹ اپ باکس ، سٹے میں استعمال کی جانے والی کتابیں ، ٹیلی ویژن سیٹ اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے اسے چلکل گوڑہ پولیس کے حوالے کردیا ۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں پنجہ گٹہ پولیس نے دو افراد کو کرکٹ میچس پر سٹہ کا کاروبار چلانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر پنجہ گٹہ مسٹر موہن کمار نے بتایا کہ44 سالہ اے رمیش ساکن ملک پیٹ اپنے ساتھی 23 سالہ ایم سرینواس ساکن دلسکھ نگر کے ہمراہ پنجہ گٹہ کے علاقہ پرتاپ نگر میں واقع ایک مکان میں جاریہ ورلڈ کپ کرکٹ میچس پر سٹہ وصول کررہا تھا۔ سٹہ بازی کی سرگرمیوں کی اطلاع ملنے پر پنجہ گٹہ پولیس نے پرتاپ نگر میں دھاوا کرتے ہوئے دو سٹہ بازوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے دو موٹر سائیکلیں، 30 نقد رقم ، ایک ٹی وی اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا۔