ماسکو ۔27 جون (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ فٹ بال میں میچز تو ہائی اسکورنگ نہیں ہورہے ہیں لیکن گروپ مرحلے میں 20 پینلٹی ککس ایوارڈ کی گئی تھیں جو پہلے مرحلے کا نیا ریکارڈ ہے۔ اس کی بنیادی وجہ اس مرتبہ وی اے آر کا استعمال ہے۔2002 میں کوریا اور جاپان میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے پہلے رائونڈ میں 18اسپاٹ ککس ایوارڈ کی گئی تھیں۔2014 میں برازیل میں کھیلے گئے ٹورنمنٹ میں مجموعی طور پر صرف 13 پینلٹیز دی گئی تھیں۔جب پرتگال کے رونالڈو کے خلاف ایرانی دفاعی کھلاڑی نے فائول کیا جس پر انہیں پینلٹی ملی تھی جو رواں ٹورنمنٹ کی 19 ویں پینلٹی تھی۔ میگا ایونٹ میں اب تک دی گئی 20 اسپاٹ ککس میں سے 15 پر گول ہوئے ہیں۔ پانچ کھلاڑی ایسے ہی جو خالی گول کے سامنے کھڑے اکیلے کیپر کو مات نہیں دے سکے ان میں لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو جیسے سوپر اسٹار بھی شامل ہیں۔ رونالڈو نے ایران کے خلاف گول کرکے ٹیم کو جتوانے کا سنہری موقع ضائع کیا۔ وہ ورلڈ کپ میں پینلٹی ککس مس کرنے والے پہلے پرتگالی کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل میسی ، سعودی عرب کے فہدالمولد ، پیرو کے کرستیان کیووا اور آئس لینڈ کے گلفی سگرڈسن پینلٹی ککس سے فائدہ نہیں اٹھاپائے ۔ انگلش ٹیم کے کپتان ہیری کین نے پاناما کے خلاف دو پینلٹی ککس پر گول اسکور کئے ہیں۔