کولکتہ ۔ 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سابق کپتان سورو گنگولی نے آج کہا کہ وردھیمان سہا جو فی الحال کندھے کے زخم کے باعث ہندوستانی ٹیم سے باہر ہیں، گزشتہ پانچ تا 10 سال کے درمیان ہندوستان کے بہت ہی بہترین اور کامیاب وکٹ کیپر رہے ہیں۔ 2014ء ڈسمبر میں ایم ایس دھونی کے ٹسٹ سے سبکدوشی کے بعد سے ہندوستان کے اول نمبر وکٹ کیپر ثابت ہوئے ہیں۔ وہ فی الحال کندھے کے آپریشن کے باعث آرام کررہے ہیں۔ گنگولی نے کہا کہ حالانکہ سہا گزشتہ ایک سال سے ٹیم سے باہر ہیں لیکن اس کے باوجود گزشتہ پانچ تا 10 سالوں میں ان کی طرح کوئی وکٹ کیپر جگہ نہ بنا سکا۔ کھیلوں کے سینئر صحافی گوتم بھٹا چاریہ نے ’’وکی‘‘ نام کی کتاب کا اجراء کررہے تھے جس میں انہوں نے زخمی وکٹ کیپر کے کیریئر کا جائزہ لیا ہے۔ اس موقع پر سورو گنگولی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ گنگولی نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی ریشپ پنت اپنے پہلے ٹسٹ کی شروعات کررہے ہیں اور وہ آسٹریلیا دورہ میں شامل ہورہے ہیں اور پرتھوی پٹیل ان کے نعم البدل کھلاڑی کی حیثیت سے روانہ کئے جارہے ہیں۔ سہا نے اب تک اپنے 32 میچس میں 1164 رنز بنائے ہیں جس میں 3 سنچریز شامل ہیں اور اس بنگالی وکٹ کیپر نے آخری مرتبہ اس سال کیپ ٹاؤن میں حصہ لیا تھا۔