مانچسٹر ۔ 26 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی باکسنگ اسٹار وجیندر سنگھ نے آج پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کے ہندوستان میں فائیٹ کے چیلنج کو قبول کرلیا ہے اور کہا ہے کہ اس فائیٹ سے ملک میں اسپورٹس کو بہت زیادہ تقویت ملے گی ۔ دو مرتبہ کے سابق عالمی چمپیئن عامر جوکہ میکسیکو کے سالکنیلو الویرز کے خلاف ہونے والی فائیٹ کی تیاریوں میں مصروف ہیں وہ ہندوستانی باکسر کو ہندوستان میں فائیٹ کا چیلنج کیا تھا ۔ عامر کے چیلنج پر تبصرہ کرتے ہوئے وجیندر نے کہا کہ میں عامر کا چیلنج قبول کرتا ہوں لیکن ہم دونوں مختلف اوزان کے زمروں میں مقابلہ کرتے ہیں تو دیکھنا یہ ہے کہ کون وزن کم کرتا ہے اور کون وزن بڑھاتا ہے ۔